دفتر خارجہ نے یوکرین جنگ میں پاکستانیوں کی شمولیت کا الزام مسترد کردیا

پاکستان نے یوکرین تنازع میں اپنے شہریوں کی مبینہ شمولیت سے متعلق خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین جنگ میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے سے متعلق تمام الزامات بے بنیاد ہیں، اور اب تک یوکرینی حکام کی طرف سے کوئی قابلِ تصدیق ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس حوالے سے یوکرین کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی اطلاع بھی نہیں دی گئی۔ حکومت پاکستان اس معاملے پر وضاحت کے لیے یوکرینی حکام سے رابطہ کرے گی۔

افواج پاکستان کا کشمیریوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ

بیان میں اس مؤقف کو دہرایا گیا کہ پاکستان یوکرین تنازع کا پرامن اور سفارتی حل چاہتا ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ یوکرین کے خلاف روسی صفوں میں کئی ممالک کے غیر ملکی جنگجو لڑ رہے ہیں، جن میں مبینہ طور پر پاکستان اور چین کے افراد بھی شامل ہیں۔

Back to top button