معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے مشاورتی کونسل تشکیل
وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مشاورتی کونسل تشکیل دے دی ہے، حکومت کے مطابق وہ وفاقی کابینہ کی تشکیل کے بعد معاشی بحالی کے منصوبوں کے ساتھ سامنے آئے گی۔ شہباز شریف نے قومی اقتصادی مشاورتی کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جس میں معروف اقتصادی ماہرین شامل ہوں گے تا کہ موجودہ معاشی مسائل سے نکلنے کی راہ نکالی جائے۔
ذرائع کے مطابق این ای اے سی میں تجربہ کار ماہر معاشیات و صنعتکار مثلاً محمد علی ٹبہ، میاں منشا، علی چیمہ اور یوسف نذر سمیت دیگر افراد شامل ہوں گے۔ اندرونی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وزیراعظم نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ این ای اے سی ہفتہ وار بنیادوں پر ہر سنیچر کو اجلاس کرے تاہم معاشی ٹیم نے تجویز دی کہ اجلاس کے لیے کوئی دن مخصوص نہیں ہونا چاہیے۔
معاشیات دانوں کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیراعظم نے ملک کو موجودہ اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے فوری تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔یہ تجاویز زراعت، تجارت، سرمایہ کاری اور بینکنگ کے شعبوں میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد وضع کی جائیں گی۔
شہبا زشریف کا نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم
معاشی بحالی کے حوالے سے ایک سربراہی اجلاس بھی آئندہ چند دنوں میں منعقد کیا جائے گا جس میں معاشی ماہرین کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے قومی اور عوامی مفادات کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خاص طور پر رمضان کے مہینے میں روزمرہ استعمال کی اشیا اور ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نے مجموعی قومی بیلنس شیٹ کے علاوہ معاشی صورتحال، محصولات، بجٹ خسارے اور قرضوں پر بریفنگ دی۔