بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی طبیعت مزید بگڑ گئی،دعاکی اپیل

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے، جس کے بعد ان کے اہلِ خانہ اور پارٹی رہنماؤں نےجلد صحت یابی کیلئےدعا کی اپیل کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیا کو 23 نومبر کو پھیپھڑوں کے انفیکشن کی علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال داخل کیا گیا تھا، پارٹی رہنماؤں کے مطابق وہ اس وقت انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرِ علاج ہیں۔
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما مرزا فخرال عالمگیر نے 28 نومبر کی رات صحافیوں کو بتایا کہ ’ڈاکٹروں نے ہمیں آگاہ کیا ہے کہ ان کی حالت تشویش ناک ہے‘۔
بی این پی کے کئی سینئر رہنما اور پریشان کارکنان سابق وزیر اعظم کی خیریت دریافت کے لیے مقامی ہسپتال پہنچ رہے ہیں۔
خالدہ ضیا کو دل، جگر اور گردوں کے مسائل کا سامنا ہے، اس کے علاوہ انہیں شوگر، پھیپھڑوں کے مسائل اور آنکھوں کی بیماری کا بھی سامنا ہے۔
اخبار نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ ان کے دل میں مستقل پیس میکر لگایا گیا ہے، اس سے قبل وہ پہلے دل کی شریانوں میں اسٹنٹس بھی لگوا چکی ہیں۔
