سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں

سابق وزیرِ خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں۔نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق گورنر سٹیٹ بینک شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے معیشت اور مالیاتی نظم و نسق کے شعبے میں شمشاد اختر کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان کی معاشی تاریخ میں ایک باوقار، اصول پسند اور مدبر آواز تھیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے 2 جنوری 2006ء کو بینک دولت پاکستان کی 14 ویں گورنر کا عہدہ سنبھالا، وہ سٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر تھیں۔ انہیں بینکاری کا قومی اور بین الاقوامی وسیع تجربہ حاصل تھا۔

گورنر سٹیٹ بینک تقرر سے قبل وہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے بطور ڈائریکٹر جنرل، شعبہ جنوب مشرقی ایشیا وابستہ تھیں اور اس عہدے پر جنوری 2004ء سے کام کر رہی تھیں۔ قبل ازیں وہ اس شعبے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل تھیں۔ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک میں ڈائریکٹر، نظم و نسق، مالیات اور تجارت ڈویژن برائے مشرقی اور وسط ایشیا کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔

شمشاد اختر نے ایشیائی ترقیاتی بینک میں اپنے کیریئر کا آغاز 1990ء میں کیا اور مالی شعبے میں بطور سینئر اور مرکزی اسپیشلسٹ خدمات انجام دینے کے بعد 1998ء میں وہاں منیجر بن گئیں۔وہ 1998ء سے 2001ء تک ایشیائی ترقیاتی بینک کی کوآرڈی نیٹر برائے اپیک وزرائے خزانہ گروپ بھی رہیں۔

Back to top button