سابق گورنرپنجاب میاں اظہرانتقال کر گئے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر انتقال کر گئے۔ وہ وفاقی وزیر حماد اظہر کے والد تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق میاں اظہر طویل عرصے سے علیل تھے۔ وہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
آرائیں برادری سے تعلق رکھنے والے میاں اظہر لاہور کے لارڈ میئر اور بعد ازاں گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز رہے۔ اسلام پورہ لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ برسوں تک ایک سیاسی مرکز کی حیثیت رکھتی تھی۔
2002ء میں شریف خاندان کی جلاوطنی کے بعد ان کا مسلم لیگ (ن) سے سیاسی تعلق ختم ہو گیا اور وہ مسلم لیگ (ق) کے صدر بن گئے۔ تاہم 2002ء کے عام انتخابات میں ناکامی کے بعد انہوں نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔
بعدازاں 2013ء میں ان کے بیٹے حماد اظہر کی سیاست میں شمولیت کے بعد میاں اظہر دوبارہ سیاسی سرگرمیوں میں نظر آنے لگے۔
سال 2024ء میں جب حماد اظہر کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہوئے تو میاں اظہر نے خود عام انتخابات میں حصہ لیا اور این اے 129 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
