قومی ایئرلائن کے انجینئرز کی ہڑتال کا چوتھا روز ، مزید 14 پروازیں منسوخ

قومی ایئرلائن PIA کے ایئرکرافٹ انجینئرز کی جاری ہڑتال کے باعث آج بھی 14 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
انجینئرز کی ہڑتال کا آج چوتھا روز ہے، اور اس دوران مجموعی طور پر 39 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منسوخی کے ساتھ ساتھ قومی ایئرلائن کی دیگر پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ 13 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد اور ملتان سے روانہ ہونے والی متعدد پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر ایئرکرافٹ انجینئرز مسلسل احتجاج کر رہے ہیں، جبکہ گزشتہ روز سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرز کے صدر اور سیکرٹری کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔
