آزادی کشمیریوں کا حق ہے ، بھارت مسلسل اشتعال انگیزی کر رہا ہے: وزیر اعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خونریزی کے پیچھے بھارت ملوث ہے، اگر بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا تو اُسے مزید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت مسلسل اشتعال انگیزیوں پر تُلا ہوا ہے، حالیہ جنگ میں بھارت کو ہر محاذ پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان ایئر فورس کی برتری پوری دنیا نے دیکھی، اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ 13 جولائی یوم شہدائے کشمیر تحریکِ آزادی کی بنیاد ہے، 22 کشمیری سری نگر میں اذان دیتے ہوئے شہید ہوئے۔ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔
چوہدری انوارالحق نے واضح کیا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت پاکستان کی ذمہ داری ہے، جبکہ بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف مسلح جدوجہد کشمیریوں کا حق ہے۔
دنیا بھر میں یوم شہداء کشمیر آج منا یا جا رہا ہے
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں کسی جماعت کو عددی اکثریت حاصل نہیں، اگر 27 ارکان کھل کر سامنے آ جائیں تو میں تحریک عدم اعتماد سے قبل ہی مستعفی ہو جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی جمہوری عمل کا حصہ ہے اور یہ صرف نمبرز سے ممکن ہے۔
انتخابات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مشاورت جاری ہے اور حکومت آزادانہ و شفاف انتخابات کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
چوہدری انوارالحق نے اعتراف کیا کہ آزاد کشمیر میں احتساب بیورو تاحال مکمل فعال نہیں ہو سکا، تاہم ہم نے مالی شفافیت کی مثال قائم کی ہے۔ آڈٹ رپورٹ کا سامنا کرنا کرپشن کا ثبوت نہیں بلکہ جمہوری عمل کا حصہ ہے۔
