لاہور سے مال گاڑی بنی گالہ جاتی تھی، حساب ضرور لیں گے

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور سے مال گاڑی بنی گالہ تک جاتی تھی، انتقام تو نہیں لیکن ہر چیز کا حساب ضرور لیں گے، اللہ کا شکر ہے کہ ملک کی جان اس نالائق حکومت سے چھوٹ گئی، پارلیمنٹ ہاؤس میں مہمانوں کی گیلری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے ملک کی جان اس نالائق ترین حکومت سے چھوٹ گئی ، ایل این جی ، بلین سونامی ٹری ، ادویات سمیت تمام اسکینڈل کا حساب ضرورہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت ابھی سنبھالی نہیں اور ملکی ترقی کا آغاز ہو گیا، سٹاک مارکیٹ تیزی، روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے، بزنس کمینونٹی کو اندازہ ہونا شروع ہو گیا ملک اب ترقی کرے گا، نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ یہ سیاسی لوگ نہیں ہیں، اگر فتنہ پھیلانے اورعوام کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ، اسے پرانی مسلم لیگ ن نہ سمجھیں۔

واضح رہے کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا تھا کہ انتقام کا لفظ ہماری ڈکشنری میں نہیں ہے، اگر پی ٹی آئی والے استعفیٰ دیتے ہیں تو یہ ان کی مرضی، ہم اس ایوان کو اس کے سنہری اصولوں کے مطابق چلانے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

شہباز شریف کی مخلوط حکومت میں کس جماعت کو کیا ملے گا؟

شہباز شریف نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے نے پاکستان کے مستقبل ، آئین اور پارلیمنٹ کی خودمختاری کو محفوظ کیا ، عدالت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ماضی کے تمام نظریہ ضرورت کے فیصلوں کو دفن کردیا ، آئندہ قیامت تک کوئی نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لے سکے۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ اس لڑائی میں متحدہ اپوزیشن کی تمام پارٹیوں کے سربراہان، اتحادیوں اور آزاد اراکین نے حق گوئی کیلئے ہمارا ساتھ دیا جس پر شکریہ ادا کرتے ہیں، اگلا مرحلہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق تحریک عدم اعتماد کا ہے، اجتماعی قوت کے ساتھ یہ مرحلہ بھی کامیابی سے طے کریں گے۔

Back to top button