پنجاب حکومت کو فیول راشننگ، سکولوں میں ہائبرڈ نظام اور تعطیلات کی سفارشات پیش

پنجاب حکومت نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورحال کے سبب توانائی بحران کے پیش نظر صوبے میں اہم اقدامات کی تیاری کر لی ہے۔
ٹی وی رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ محکمہ توانائی پنجاب نے صوبائی حکومت کو نئی سفارشات بھیج دی ہیں، جن میں وفاق کی طرز پر فیول راشننگ کی تجویز شامل ہے۔
سفارشات میں کہا گیا ہے کہ 15 اپریل تک تعلیمی اداروں میں تعطیلات دی جائیں اور اسکولوں میں ہائبرڈ نظام تعلیم پر غور کیا جائے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے، اور مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی ہدایت بھی شامل ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر 69 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیا: وزیر خزانہ
نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کو سختی سے نافذ کرنے، غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی، اور میٹرو و بس سروس بڑھانے کی سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔
توانائی کی بچت کے لیے ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے، رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر چلانے، اور مارکیٹ کے اوقات کار کو محدود کرنے کی تجاویز بھی شامل کی گئی ہیں۔
