پی ٹی آئی کے مفرور رہنما حماد اظہر کا سرنڈر کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کے مفرور رہنما حماد اظہر نے عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے اور ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے اس فیصلے سے قبل اپنے قریبی ساتھیوں اور وکلاء سے تفصیلی مشاورت مکمل کر لی ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر نے لکھا کہ اپنی اور اپنے خاندان کی طرف سے ان ہزاروں ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے والد کے جنازےمیں اور قرآن خوانی میں شرکت کی اور ان لاکھوں افراد کا بھی جنہوں نے افسوس کے پیغامات بھجوائے اور ان کی مغفرت کےلیے دعا کی۔

سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین جنہوں نے ان کی یاد میں بہترین الفاظ کہے،میرے والد میاں اظہر مرحوم کےلیے دعا کی، ہم ان کے بھی مشکور ہیں۔

حماد اظہر نے لکھا کہ میرے والد کی میراث شرافت، ایمانداری اور وضع داری ہے جو صرف میرے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے سیاسی کلچر کےلیے ایک اثاثہ اور شاندار روایت ہے،اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا، تین بہنوں کا بھائی اور دو کم سن بچوں کا باپ ہوں،مجھ سے زیادہ تکلیف اور دکھ میرےگھر والوں نے دو سال سے زائد عرصہ تک برداشت کی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ظاہر ہےکہ میں اس دکھ کی گھڑی میں اپنے گھر والوں، خصوصی طور پر اپنی والدہ کے ساتھ اب موجود رہنے کی خواہش رکھتا ہوں۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ میں بےگناہ ہوں اور جعلی پرچوں کا نشانہ ہوں جن کا کوئی سرپیر نہیں،اس سلسلےمیں عدالت سے رجوع کروں گا اور انصاف طلب کروں گا،مل گیا تو اللہ کا شکر ادا کروں گا اور نا ملا تو استقامت اور صبر سے مزید جبر برداشت کروں گا، بےشک اللہ صابرین کا ساتھ دینےوالا ہے۔

یاد رہے کہ مرکزی رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر تقریباً دو سال سے روپوش تھے اور حال ہی میں اپنے والد، سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کی وفات پر منظر عام پر آئے ہیں۔

Back to top button