FC ہیڈکوارٹر حملے کی مکملCCTV ویڈیو منظرعام پر آگئی

24 نومبر کو فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز کو یکجا کر کے تیار کی گئی مکمل ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے متعدد مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کردہ ویڈیوز کو اکٹھا کرکے حملے کی جامع ویڈیو تیار کی۔ ان فوٹیجز میں تینوں حملہ آوروں کو ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر موقع کی جانب آتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ وہ سڑک پر رانگ وے کا استعمال بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب پہنچ کر حملہ آوروں نے موٹرسائیکل مارکیٹ میں کھڑی کی۔ ویڈیو میں ٹوپی اور چادر اوڑھے خودکش حملہ آور کو ہیڈکوارٹر کے باہر کافی دیر تک انتظار کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔

تیار کی گئی ویڈیو میں خودکش بمبار کو ہیڈکوارٹر سے کچھ فاصلے پر پیدل چلتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔ فوٹیجز کے مطابق پہلے حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے فوراً بعد دھوئیں اور ملبے کے دوران باقی دو حملہ آور ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہوئے۔ اندر داخل ہوتے ہی ایک بکتربند گاڑی نے ان کا راستہ روک لیا۔

بکتربند گاڑی کی موجودگی کے باعث دونوں حملہ آور پارکنگ ایریا کی طرف چلے گئے۔ فوٹیج میں ان کی بار بار باہر نکلنے کی کوششیں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ پارکنگ میں ہونے والا دھماکا بھی واضح طور پر ویڈیو میں ریکارڈ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ تین روز قبل پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے میں 3 اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوئے تھے، جبکہ 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔

گزشتہ روز آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور افغان شہری معلوم ہوتے ہیں، تاہم واقعے کے ہر پہلو کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Back to top button