80 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے2.8 ارب کا فنڈ منظور

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بچوں کے ویکسی نیشن پروگرام کے لیے 2.8 ارب روپے کی منظوری دیدی۔
پروگرام کے تحت ملک بھر میں 80 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف ہے، اجلاس میں چھالیہ کی درآمد سے متعلق پالیسی میں ترمیم کی بھی منظور دیدی گئی۔
ای سی سی نے ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے لیے 30 کروڑ سے زائد گرانٹ، وزیراعظم پیکج اور دیگر ادائیگیوں کے لیے فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری کے علاوہ ای سی سی نے تعلیم کے شعبے کے لیے 2 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزارتِ خزانہ میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں اہم قومی معاملات پر فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وزارتِ قومی صحت کی جانب سے پیش کردہ سمری کی منظوری دی گئی جس کے تحت وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے لیے 2.8 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی جائے گی۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ یہ پروگرام ملک بھر میں آٹھ ملین سے زائد بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچاوٴ کے ٹیکے لگانے کے لیے نہایت اہم ہے، جبکہ اس فنڈ سے ویکسین، سرنجز اور کولڈ چین آلات کی خریداری کو مزید موٴثر بنایا جائے گا۔
