باجوڑ میں آپریشن کے دوران شہید میجر عدیل کی نمازجنازہ اداکردی گئی

باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجرعادل زمان کی نمازجنازہ اداکردی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل زمان شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، فوجی اور سول افسران اور عوام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میجر عدیل زمان شہید کی قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی،  میجر عدیل زمان شہید نے مردانہ وار قیادت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور یہ قربانیاں ان کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور ان کے حوصلے اور استقامت کو سراہا۔

Back to top button