کراچی،سولجر بازار میں گیس لیکج کا دھماکا، 16افراد جاں بحق

کراچی میں گیس لیکج کے باعث عمارت میں ہونے والے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقےکوگھیرے میں لےکر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہرفلور پر ایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا  ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 16 لا شیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 4 بچے اور  6 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 12سے زائد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈی جی ریسکیو 1122بریگیڈئیر واجد نےبتایا کہ گیس دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سےہوا جس میں اب تک 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں خاتون اور بچی کی لاشیں بھی شامل ہیں۔

ڈی جی نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، چھوٹی عمارت کے لیے ہمارے پاس خاص آلہ ہوتاہے، آلے کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ لنجار نےبتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا گیس لیکج کا ہے، ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ملبے میں ایک لاش دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اور کیمیکل ایگزیمین کے بعد ہی دھماکے کی اصل نوعیت کا تعین ہوسکے گاجب کہ عمارت سے متعلق محکمہ بتائے گاکہ یہ عمارت قانونی تھی یا غیر قانونی، تعین کرکے واقعے کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

 

Back to top button