غزہ،اسرائیلی درندگی جاری،مزید98فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی درندگی جاری،امداد کے متلاشی 38 افراد سمیت مزید 98 فلسطینی شہیدکردیئےگئے۔
رائٹرز نے عینی شاہدین کے بیانات کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ متاثرین کو براہِ راست سروں اور جسم کے دیگر حصوں پرگولیاں ماری گئیں۔ رائٹرز کے نمائندے نے نصیر ہسپتال میں متعدد شہدا کی لاشیں سفید کفن میں لپٹی دیکھی، جبکہ لواحقین شدت غم سے نڈھال تھے۔
عینی شاہد محمود مکرم نے رائٹرز کو بتایا کہ ہم وہاں پر بیٹھے تھے جب اچانک فائرنگ شروع ہو گئی۔ پانچ منٹ تک ہم گولیوں کی زد میں رہے۔ ہمیں واضح طور پر جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔ میرے ساتھ بیٹھے شخص کو دل میں گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ مئی کے اختتام پر اسرائیل نے غزہ میں امداد پر عائد پابندی جزوی طور پر ہٹاتے ہوئے خوراک کی تقسیم کے لیے ایک نیا نظام متعارف کرایا تھا، جس کے تحت امریکی حمایت یافتہ گروپ کے ذریعے امداد کی ترسیل اسرائیلی فوج کی نگرانی میں کی جا رہی ہے۔
