گلگت بلتستان کی 14 رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھالیا

 

 

 

گلگت بلتستان کے نگراں وزراء اور مشیروں نے عہدوں کا حلف اٹھالیا ہے۔ سپیکر نذیر احمد نے گورنر ہاؤس گلگت میں نگران کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ریٹائرڈ) یار محمد ناصر بھی موجود تھے اور انہوں نے کابینہ کے ارکان کو اپنے عہدوں کی ذمہ داریوں کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس گلگت میں منعقد ہوئی جہاں سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد نے نگران کابینہ کے ارکان سے حلف لیا،نگران کابینہ میں ساجد علی بیگ، غلام عباس، انجینئر الطاف حسین، مہرداد،کرنل ریٹائرڈ ابرار اسماعیل، سید عدیل شاہ، شرافت دین، راجہ شہباز خان، مولانا سرور شاہ، ممتاز حسین،ڈاکٹر نیاز علی، بہادر علی،سیدہ فاطمہ اور عبدالحکیم شامل ہیں۔

نگران کابینہ میں بارہ وزراء اور دو مشیر شامل ہیں، تقریب حلف برداری میں نگران وزیر اعلیٰ یار محمد، چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا،اراکین کونسل اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ نگراں کابینہ کے ارکان کو حلف اٹھانے سے قبل ہی محکمے الاٹ کردیے گئے۔ کابینہ کے ارکان کو محکمے تفویض کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیاگیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق ساجد علی بیگ کو محکمہ داخلہ اور جیل خانہ جات کی ذمہ داریاں سونپی گئی، جب کہ غلام عباس کو اطلاعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان دیا گیا۔ کرنل (ر) ابرار اسماعیل کو خزانہ،منصوبہ بندی اور ترقیات کے اہم محکمے تفویض کیے گئے۔

 

 

 

Back to top button