عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 101 ڈالر فی بیرل سے متجاوز

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صرف ایک دن کے دوران قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد تک تیزی ریکارڈ کی گئی۔
اس اضافے کے بعد برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 100 ڈالر کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 101 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر چلی گئی ہے۔
بین الاقوامی تجارتی منڈی میں برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت میں 9.29 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 101.3 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 9.02 ڈالر اضافے کے ساتھ 96.27 ڈالر فی بیرل کی سطح تک جا پہنچی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی سیاسی اور عسکری کشیدگی نے عالمی توانائی مارکیٹ میں بے یقینی پیدا کر دی ہے جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے مطابق امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ عالمی توانائی ایجنسی نے مارکیٹ میں استحکام لانے کے لیے تقریباً 400 ملین بیرل تیل کے ذخائر جاری کرنے کا اعلان بھی کیا، تاہم اس اقدام کے باوجود قیمتوں میں کمی نہیں آ سکی اور مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا۔
