عالمی تجارتی جنگ،یورپی یونین نے بھی امریکا پر ٹیرف عائد کردیا

یورپی یونین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کے خلاف پہلا بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 20 ارب یورو سے زائد مالیت کی امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف کی منظوری دے دی۔
یورپی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منتخب امریکی مصنوعات پر ان جوابی ٹیرف کی شرح 25 فیصد تک ہوگی اور ان کا اطلاق 15 اپریل سے شروع ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ یہ ٹیرف گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے یورپی اسٹیل اور ایلومینیم پر عائد کردہ ڈیوٹیوں کے جواب میں نافذ کیے گئےہیں۔
یورپی یونین کے 27 میں سے 26 ممالک نے اس اقدام کی منظوری دی جبکہ صرف ہنگری نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔
جن امریکی مصنوعات پر ٹیرف عائد کیا جائے گا ان میں مرغی، چاول، مکئی، پھل اور میوے، لکڑی، موٹرسائیکلیں، پلاسٹک، ٹیکسٹائل، پینٹنگز اور برقی آلات شامل ہیں۔ جن مصنوعات پر ٹیرف عائد کیا گیا ہے ان میں سے زیادہ تر ری پبلکن اکثریت رکھنے والی امریکی ریاستوں میں تیار کی جاتی ہیں۔
یورپی کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ جوابی اقدامات کسی بھی وقت معطل کیے جا سکتے ہیں بشرطیکہ امریکا ایک منصفانہ اور متوازن معاہدے پر رضامند ہو جائے۔بیان میں مزید کہا گیا یورپی یونین امریکی محصولات کو بلاجواز اور نقصان دہ سمجھتی ہے جو نہ صرف فریقین بلکہ عالمی معیشت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
