سونے کا بنا ہوا ٹوائلٹ 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر میں نیلام

اٹالین فنکار موریزیو کیٹیلن کا 18 قیراط خالص سونے سے بنا ہوا معروف اسکلپچر ’امریکا‘ نیلامی میں 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوگیا۔
سوتھ بیز کے مطابق 101 کلو وزنی یہ سنہری ٹوائلٹ 2016 میں تیار کیا گیا تھا اور رواں ماہ اسے نیلامی سے قبل برور بلڈنگ میں نمائش کے لیے رکھا گیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے اسے دیکھا۔
آکشن ہاؤس کی ویب سائٹ کے مطابق یہ سونے کا ٹوائلٹ کیٹیلن کے تیار کردہ تین مجسموں میں سے ایک ہے۔ اس فن پارے کو سب سے پہلے گوگنہائیم میوزیم میں رکھا گیا تھا، جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد نے اسے دیکھنے کے لیے قطاریں لگائی تھیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 2019 میں اس اسکلپچر کا ایک اور ورژن بلیہیم پیلس سے چوری ہوگیا تھا، جس کے بعد موجودہ نمونہ اس فن پارے کا واحد باقی رہ جانے والا ورژن ہے۔
