گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا اعلان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی فیصلوں کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست ہر شہری کو متاثر کرتا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وفاقی اور حکومتِ پنجاب ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق حالیہ ہڑتال کے دوران حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ ہڑتال کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ کئی امور پر معاہدے طے پائے تھے، تاہم ان معاہدوں پر عمل نہ ہونے کے باعث ٹرانسپورٹرز میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومتی وعدے پورے نہ کیے گئے تو ٹرانسپورٹرز ایک بار پھر ملک گیر ہڑتال پر مجبور ہوں گے، جس کی مکمل ذمہ داری وفاقی حکومت اور حکومتِ پنجاب پر عائد ہو گی۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے اپنی جانب سے بسوں کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

Back to top button