اپوزیشن کیساتھ ثالثی،حکومت نےبلاول بھٹو کی پیشکش قبول کرلی

حکومت نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ثالثی کی پیشکش مانتے ہوئے   پاکستان تحریک انصاف سے بات کرنےکی ذمہ داری بھی انہی کو دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری تحریک انصاف سے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی حاصل کرلیں تو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔بلاول بھٹو زرداری خود حکومت میں ہیں اگر پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ہماری ہی کامیابی ہوگی۔

مشیرراناثنااللہ نے کہا کہ پیکا قانون کی ضرورت ہے ، اس کے غلط استعمال کی شکایت بھی جائز ہے ، اس پر بیٹھ کر بات ہونی چاہیے ۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے  گزشتہ روز کہا تھا کہ پیپلزپارٹی حکومت اور اپوزیشن دونوں سے بات کرنے کی پوزیشن میں ہے، وہ جماعتیں جو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شریک نہ تھیں انھیں انگیج کرنے کو تیار ہیں۔ عوام کے مسائل کا حل ترجیح ہونا چاہیے، بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں امن و امان پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ قومی ایشوز پر اتفاق رائے پیدا کرنا ناگزیر ہے، دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کےلیے متحد ہونا ہوگا اور تمام جماعتوں کو ذاتی مسائل کے بجائے ملک اور قوم کےلیے اکٹھا ہونا ہوگا لیکن ہماری سیاست میں تقسیم ہے،قومی معاملات میں اتفاق رائے پیدا کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

Back to top button