متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کیلئے حکومت سرگرم، 13 رکنی کمیٹی قائم

حکومت متحدہ عرب امارات کی متوقع سرمایہ کاری کو عملی شکل دینے کے لیے فوری اور نتیجہ خیز منصوبوں کی نشاندہی میں متحرک ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایک 13 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف اور یو اے ای کی اعلیٰ قیادت کے حالیہ مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے، جن میں معیشت کے مختلف شعبوں میں حکومت سے حکومت کی بنیاد پر سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
کمیٹی کو ابتدائی طور پر ان منصوبوں کی نشاندہی کا ٹاسک دیا گیا ہے جو فوری طور پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کے سامنے پیش کیے جا سکیں اور جن کی فزیبیلٹی رپورٹس مکمل اور قابلِ بینکنگ ہوں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی :مخصوص نشستوں پر حلف برداری مؤخر ہونے کا امکان
اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) نے اس کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن 16 جولائی 2025 کو جاری کیا۔ کمیٹی میں وفاقی وزراء برائے خزانہ، پیٹرولیم، اقتصادی امور، متعلقہ سیکریٹریز، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، اور ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر بھی شامل ہیں۔
کمیٹی کا پہلا اجلاس 18 جولائی کو منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبوں کی نشاندہی کی گئی۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی حتمی رپورٹ سات دن کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے۔
