حکومت کامنی لانڈرنگ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف جامع کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ذرائع سے بیرون ملک رقوم بھیجنے والے کاروباری حضرات اور اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں طے پایا کہ رقوم صرف بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے منتقل کی جائیں گی، جبکہ منی چینلز کے ذریعے بیرون ملک رقوم بھیجنے کے عمل کو شفاف اور فول پروف بنایا جائے گا۔

غیر قانونی رقوم کی منتقلی کے تمام ذرائع پر ہر سطح پر کڑی نگرانی کی جائے گی اور بڑے منی لانڈرز کے خلاف فوری اور مضبوط کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حوالہ اور ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں سٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کا مشترکہ ورکنگ گروپ بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو تمام متعلقہ امور کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔

گورنر سٹیٹ بینک نے بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم کی منتقلی کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، گورنر سٹیٹ بینک اور وفاقی سیکریٹری خزانہ بھی شریک تھے۔

 

Back to top button