حکومت کاسحروافطارمیں بجلی اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کااعلان

حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں بجلی اور گیس بلا تعطل فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے رمضان المبارک کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر مشترکہ پریس کانفرنس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سحر اور افطار کے اوقات میں کسی بھی علاقے، بشمول ہائی لاس فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ گیس پریشر برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اویس لغاری نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاور اور پیٹرولیم ڈویژنز نے رمضان المبارک کے دوران صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ یوٹیلیٹی سروسز خصوصاً بجلی کی فراہمی بروقت اور بلا تعطل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، سوائے کسی بڑے فنی خرابی کے۔ ہائی لاس فیڈرز پر اکنامک لوڈشیڈنگ بھی ان اوقات میں معطل رہے گی۔
’اس مقصد کے لیے پی آئی ٹی سی میں ایکسپریشن کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں تمام فیڈرز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ شہری شکایات کے اندراج کے لیے 118 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں، جنہیں فوری حل کیا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر گیس فراہمی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
