حکومت کی عوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کو اپنانے کی اپیل

حکومت نے عوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کے خطرے سے بچنے کے لیے بچت اقدام کیے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں  خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کاجائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ  ملکی ضروریات پورا کرنے کے لیے  پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے،  ملکی ضروریات کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مزید بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ  مشرق وسطی اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے،  ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

شہبازشریف نے ہدایت کی کہ صوبوں سے مل کر جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے،  بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ  وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،  انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔

 

Back to top button