پٹرول اور ڈیزل پر لیوی برقرار، مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی برقرار اور مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پٹرول پر فی لیٹر 105 روپے 37 پیسے اور ڈیزل پر 55 روپے 24 پیسے لیوی برقرار رہے گی۔ وزارت توانائی کے مطابق حکومت پٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھ کر صارفین کو 23 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ یہ رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پرائس ڈیفرنشیل کلیمز کے تحت ادا کی جائے گی، اور سبسڈی 14 مارچ سے 20 مارچ تک کے لیے فراہم کی جائے گی۔
پٹرول پر فی لیٹر 49 روپے 63 پیسے جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر 75 روپے 5 پیسے کی سبسڈی دی جائے گی۔ وزارت توانائی کے مطابق یہ 23 ارب روپے اوگرا کے ذریعے پرائس ڈیفرینشل کلیمز کی صورت میں ادا کیے جائیں گے۔ کابینہ نے وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ کے قیام کی منظوری بھی دے دی ہے، اور ای سی سی نے 27 ارب 10 کروڑ روپے اس فنڈ میں منتقل کرنے کی منظوری دی، جس میں سے 23 ارب روپے اوگرا کو مذکورہ سبسڈی کے لیے منتقل کیے جائیں گے۔
دوسری جانب مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 358 روپے 1 پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ قیمت 318 روپے 81 پیسے فی لیٹر تھی، جس کا مطلب ہے کہ مٹی کا تیل 39 روپے 20 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔
