حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانےکا مطالبہ منظور کرلیا : اسد قیصر

پی ٹی آئی رہنما اورسابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہےکہ حکومت نےبانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانےکا مطالبہ منظورکرلیا ہے۔
اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ حکومتی کمیٹی سےیہ ہماری ابتدائی ملاقات تھی، اب ہماری باقاعدہ بات چیت 2 جنوری سے ہوگی۔
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہاکہ میٹنگ میں ہم نے اپنا موقف بھرپور طریقے سے سامنے رکھا،ہم نے تمام قیدیوں کے بشمول عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا،ہم نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کےحوالے سے بھی مطالبہ سامنے رکھا،ہم ایک چارٹر آف ڈیمانڈ دو جنوری کو پیش کریں گے۔
اسد قیصر نے کہاکہ ہم نے عمران خان سے رابطہ استوار کروانے کا بھی مطالبہ کیا، حکومت نے عمران خان سے ملاقات کا طالبہ تسلیم کیا،جیلوں میں قید ورکرز کے حوالے سے بھی ہم نے بات کی آج ابتدائی بات چیت ہوئی باقاعدہ مذاکرات کا آغاز 2 جنوری کو ہوگا۔
مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نےکہاکہ ہم کوئی ایسا مطالبہ نہیں کررہے جو ماورائے آئین ہو،ہم کوئی ریلیف نہیں مانگ رہے بلکہ فیکٹ فائنڈنگ چاہتےہیں،ہم 9 مئی اور 26 نومبر کی فیکٹ فائنڈنگ چاہتے ہیں، ہم سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بات کرتے ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں وہ ہمارے مطالبات پورےکرے،ہم نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کمیٹی کے سامنے رکھا ہے، سیاسی قیدیوں کی رہائی بانی پی ٹی آئی کے بغیر ناقابل قبول ہے۔
واضح رہےکہ حکومت اور اپوزیشن کےدرمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہےجس میں دونوں جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا ہے
