افغانستان کے ساتھ حکومتی سطح پر مذاکرات جلد شروع کیے جائیں، پشاور اجلاس میں فیصلہ

خیبرپختونخوا کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اتفاق کیا ہےکہ پاکستان میں امن، افغانستان میں امن کے ساتھ مشروط ہے،دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے افغانستان کےساتھ حکومتی سطح پر مذاکرات کیے جائیں۔
پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اکابرین کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اکابرین کے اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان اور متحدہ علماء بورڈ خیبرپختونخوا کے قائدین شامل تھے۔
اجلاس کے شرکا نے متفقہ فیصلہ کیاکہ پاکستان میں امن،افغانستان میں امن کے ساتھ مشروط ہے۔
دہشت گردی کے مسئلےسے نمٹنے کےلیے افغانستان کے ساتھ حکومتی سطح پر مذاکرات جلد شروع کیےجائیں،ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کےلیے سیاسی اور مذہبی جماعتیں مل کر کام کریں گی۔
شرکا نے اتفاق کیاکہ قیام امن سب سے اہم ہے،قومی مفاد کی وقت کی اہم ضرورت ہے،ضلع کرم کا مسئلہ اگرچہ علاقائی ہےلیکن یہ ایک قومی مسئلہ بن سکتاہے، ضلع کرم کے مسئلےکے پائیدار حل کےلیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
شرکا نےکہا کہ کرم کے مسئلے کے حوالےسے صوبائی حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ کا کردار قابل تحسین ہے،آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایاجائے، ملک میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سدباب کیا جائے،ملک میں امن،خوش حالی اور معاشی ترقی کے لیے قومی مفاہمت اور سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔
فیصلہ کیا گیاکہ اس ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا کیاجائے، اس مقصد کےلیے کمیٹی تشکیل دی جائےجو تمام سیاسی جماعتوں سے روابط قائم کرے،اہم قومی امور پر مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر وزیر اعلیٰ اور مشیر اطلاعات کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
شرکا نے کہاکہ مشاورتی اجلاس ملک میں پائےدار امن،دہشت گردی کےخاتمے اور قومی مفاہمت کی فروغ کےلیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا،اس قسم کی سرگرمیاں پورے ملک میں اضلاع کی سطح پر منعقد کرنےکی ضرورت ہے،ملی یکجہتی کونسل اس کاوش میں صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرےگی، دہشت گردی کےخلاف اور امن کے قیام کےلیے علماء کرام جمعہ کے خطبات میں عوام کی رہنمائی کریں گے۔
شرکا نےمتفقہ فیصلہ کیاکہ پورے ملک میں امن کے پیغام کو لےکر آگے بڑھیں گے، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ اور امن و امان کے ماحول کو فروغ دینا ہم سب کا مقصد ہے،دہشت گردی کےخلاف قوم متحد ہے،مل کر قوم کو اس ناسور سے نجات دلائیں گے۔
شعیب شاہین نے عمران خان سے فواد چوہدری کی شکایت کردی
شرکا نے مطالبہ کیاکہ دہشت گردی کے معاملےپر قومی سطح پر سیاسی قیادت کا گرینڈ اجلاس منعقد کیا جائے، دہشت گردی کے خاتمے کےلیے جرگہ تشکیل دیاجائے جو با اثر سیاسی اور مذہبی شخصیات پر مشتمل ہو۔
