حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل، شیر افضل کی پارٹی کو سول نافرمانی تحریک مؤخر کرنیکی تجویز

رہنما پاکستان تحریک انصاف شیرافضل مروت نے حکومت کی جانب سےمذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کے بعد اپنی پارٹی کو سول نافرمانی کی تحریک کو مؤخر کرنے کی تجویز دیدی۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا حکومت کی جانب سےمذاکراتی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، پارٹی کو تجویز دیتا ہوں کہ ہمیں سول نافرمانی کی تحریک کو مؤخر کرنا چاہیےاور حکومتی کمیٹی کو موقع دینا چاہیے۔

شیرافضل نے کہا امید ہے کہ مذاکراتی عمل میں دونوں فریقین مثبت کردار اد کریں گے، سیاسی استحکام کے لیے مذاکراتی عمل انتہائی ضروری ہے، امید ہےمذاکراتی عمل کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

 

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہمارے مطالبات حکومت کے سامنے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کمیشن بنانےکا مطالبہ سامنے رکھا ہے، کوئی ڈیمانڈ آئی تو اس پر سوچیں گے۔

مذاکراتی کمیٹی سےمتعلق سوال پر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہوگا مذاکرات کو لے کر حکومت کی سنجیدگی کتنی ہے، یہ بھی  دیکھنا ہوگا کہ یہ کمیٹی بااختیار ہے یا نہیں۔

مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کےبعد سول نافرمانی تحریک سے متعلق سوال پر اپوزیشن لیڈر نےکہا کہ تحریک سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار عمران خان کو حاصل ہے،عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی اس پر کوئی مؤقف یا رائےدی جا سکتی ہے۔

Back to top button