حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ کے لیے تیار ہے، رانا ثناء اللہ

مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ اور جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر واضح کر چکے ہیں کہ فوج کا مینڈیٹ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنا نہیں، مذاکرات سیاسی جماعتوں کے درمیان ہی ہوتے ہیں اور یہ انہی کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ اور جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے، تاہم اب یہ پی ٹی آئی کی صوابدید ہے کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرتی ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی خود کہہ رہے ہیں کہ وہ مذاکرات کے بجائے اسٹریٹ موومنٹ چلانا چاہتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی جیسے واقعات، انارکی اور افراتفری چاہتے ہیں اور ان کا ایجنڈا واضح ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ادھر ادھر دوڑ رہے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی پہیہ جام ہڑتال بری طرح ناکام ہوگی اور عوام اسے مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا افغانستان سے متعلق مؤقف انتہائی غیر ذمہ دارانہ، قابلِ مذمت اور قومی مفادات کے خلاف ہے۔
