حکومت پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت سے بات کرنے کو تیار ہے : وفاقی وزیر رانا تنویر

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کےلیے پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اس لیے پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں،جب کہ سیاسی استحکام آجائے تو پاکستان بہت ترقی کرےگا۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا تنویر حسین نے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں کہ حکومت سے نہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات ہوگی،اسٹیبلشمنٹ کئی بار کہہ چکی سیاسی لوگوں سے بات کریں۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی چاہے تو قومی اسمبلی کی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلاسکتے ہیں، پی ٹی آئی نے پہلے بھی 14 نام دے کر سکیورٹی کمیٹی میں شرکت نہ کی۔
ایک سوال پر رانا تنویر حسین نے کہاکہ مولانا فضل الرحمٰن زیرک سیاستدان ہیں اور وہ کسی انتشار کا حصہ نہیں بنیں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ معیشت کی بہتری کےلیے وزیر اعظم شہباز شریف کی دن رات کی محنت سے پاکستان کی سمت درست ہوئی،ان کی کوشش ہے کہ عوام کو سستی بجلی ملے جب کہ وزیر اعظم مستقبل میں بجلی اور ٹیکس کی کمی کا اعلان کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس اور دیگر دہشت گردی واقعات پر افغانستان سے رابطے میں ہیں، افغانستان سے کہہ دیاکہ کالعدم ٹی ٹی پی سمیت کسی دہشت گرد گروپ کی سرپرستی نہ کرے، جب کہ بات چیت سے مسئلہ حل نہ ہوا تو سختی سے کام لیں گے۔
وفاقی وزیر نےکہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام ہماری معیشت کےلیے بہتر ہوتے ہیں،تاہم کچھ شرائط کی وجہ سے اقتصادی نمو میں رکاوٹ آتی ہے۔
