کن پاکستانی فلموں نے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں جگہ بنائی؟

پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے 2022 کافی خوش آئند ثابت ہوا، جس میں ایک سے بڑھ کر ایک فلم ریلیز ہوئی اور کامیابی سے بزنس کیا جبکہ لیجنڈ آف مولا جٹ نے عالمی سطح پر کمائی کے ریکارڈ بنا ڈالے۔ اس کے علاوہ بیشتر پاکستانی فلمیں عالمی فورم پر مختلف ایوارڈز کیلئے بھی منتخب کی گئیں جس کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ لالی ووڈ کا نام بھی عالمی سطح پر اُجاگر ہوا۔ بڑی فلمی صنعتوں والے ممالک کے برعکس پاکستان جیسے ملک میں جہاں سنیما کا رواج کم ہے وہاں کے فلم میکرز کے لیے اپنی فلم کو بین الاقوامی سطح پر لے کر جانا ایک مشکل کام ہے، تاہم تمام تر مشکلات کے باوجود سال 2022 میں پاکستان کی متعدد مختصر دورانیے کی فلموں کی بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں نمائش کی گئی۔
جوائے لینڈ 2022 میں ریلیز ہونے والی متنازع پاکستانی فلم ہے جسے پاکستان میں نمائش کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاہم یہ فلم فرانس میں منعقدہ کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، فلم نے ’جیوری ایوارڈ اَن سرٹن‘ کی کیٹیگری کا ایوارڈ جیتا، جوائے لینڈ کی کہانی ایک رقاص نوجوان اور ایک خواجہ سرا کے گرد گھومتی ہے۔ کانز فلم فیسٹیول کے علاوہ جوائے لینڈ کینیڈا میں منعقد ہونے والے ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی جہاں اسے بھرپور داد ملی، فلم جوائے لینڈ کو صائم صادق نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ سرمد کھوسٹ اس فلم کے پروڈیوسر تھے، فلم کی کاسٹ میں علی جونیجو، رستی فاروق، علینہ خان، ثروت گیلانی، سہیل سمیر، سلمان پیرزادہ اور ثانیہ سعید شامل ہیں۔
اہک اور فلم ملاقات 2021 میں ریلیز کی گئی مختصر دورانیے کی پاکستانی فلم ہے، ملاقات (سینڈ سٹورم) نامی یہ شارٹ فلم 2022 میں امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں منعقدہ ’ہالی شارٹس‘ اور ’’فلکرز روڈ آئی لینڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘‘ میں نمائش کے لیے پیش کی گئی جہاں اس نے ایوارڈ جیتا، ’ہالی شارٹس‘ اور ’فلکرز روڈ آئی لینڈ انٹرنیشنل‘ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتنے کے بعد اس شارٹ فلم نے اکیڈمی ایوارڈز کے لیے کوالیفائی کیا۔ فلم ملاقات کی کہانی کراچی میں رہنے والی زارا نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو ورچوئل ریئلٹی یعنی انٹرنیٹ کے ذریعے کسی اجنبی لڑکے سے ملتی ہے، لڑکی اس لڑکے کو اپنے رقص کی ویڈیو بھیجتی ہے اور پھر وہ لڑکا اس لڑکی کی ویڈیو اپلوڈ کرکے اسے بلیک میل کرتا ہے، فلم کی کہانی 2009 میں مصر میں رہنے والی لڑکی غدیر احمد کے ساتھ پیش آنے والے سچے واقعے پر مبنی ہے، سیماب گُل کی ہدایت کاری میں ملاقات کی کاسٹ میں حمزہ مشتاق، پریزے فاطمہ، عائشہ شعیب احمد اور نبیلہ خان شامل ہیں۔
اسی طرح مرڈر ٹنگ 2022 میں ریلیز کی گئی پاکستانی شارٹ فلم ہے جسے بین الاقوامی سطح پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا، مرڈر ٹنگ 2022 میں امریکہ میں منعقدہ میامی فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، اس فلم کی کہانی 1992 میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کیے گئے آپریشن کلین اپ اور پرتشدد واقعات کے گرد گھومتی ہے جس کے نتیجے میں ایک فیملی کا بیٹا گم ہوجاتا ہے، اس فلم کو علی سہیل جورا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
کلاشنکوف 18 منٹ کے دورانیہ پر مبنی پاکستانی شارٹ فلم ہے، کلاشنکوف 2022 میں کانز فلم فیسٹیول میں جگہ بنانے والی واحد پاکستانی شارٹ فلم تھی۔