اتحادی حکومت،گورنر، سپیکر اورچیئرمین سینٹ کے امیدوار کون؟

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مابین صدر مملکت کیلئے آصف علی زرداری اور وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کے نام فائنل ہونے کے بعد اب دیگر آئینی عہدوں کیلئے لابنگ شروع ہوچکی ہے اور دونوں جماعتوں کے امیدوار اس حوالے سے کوششیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کیلئے فاروق نائیک‘ سلیم مانڈوی والا‘ شیری رحمٰن اور یوسف گیلانی کے نام زیر غور ہیں جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے ایاز صادق‘ ڈپٹی اسپیکر کیلئے شازیہ مری اور نفیسہ شاہ کے نام پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

قائد ایوان سینیٹ کیلئے اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ کا نام سامنے آ رہا ہے جبکہ گورنر پنجاب کیلئے مخدوم احمد محمود‘ قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن اور محسن نقوی، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے سر فراز بگٹی‘ صادق عمرانی اور ثناء اللہ زہری، گورنر خیبر پختونخوا کیلئے فیصل کریم کنڈی‘ شجاع خان‘ یاور نصیر اور امجد آفریدی کا ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

گورنر سندھ کا عہدہ ایم کیو ایم کو ملنے کا امکان ہے اور موجودہ گورنر کامران ٹیسوری کے بدستور کام جاری رکھنے کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کےلیے مجتبیٰ شجاع الرحمان جبکہ ڈپٹی اسپیکر کیلئے ظہیر چنہڑ کے نام پر اتفاق ہوچکا ہے۔

پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے مشاورت مکمل کرلی‘ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کیلئے تین ناموں پر غور کیا جن میں صادق عمرانی، ثناء اللّٰہ زہری اور سرفراز بگٹی کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں مسلم لیگ ن کو اسپیکر اور سینئر وزیر کا عہدہ دیا جائے گا اور دونوں پارٹیوں کو ایک جتنی صوبائی وزارتیں دی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ کیلئے نام کا اعلان اگلے 36 گھنٹوں تک کردیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی موسٹ فیورٹ امیدوار ہیں۔ ایوان بالا میں ان کی ابھی 3 سال مدت رہتی ہے، چیئرمین سینیٹ بننے کی صورت میں وہ قومی اسمبلی کی سیٹ چھوڑ دیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی نشست پر ان کا بیٹا ضمنی الیکشن لڑے گا۔

دوسری جانب پنجاب میں اکثریتی جماعت بننے کے بعد پہلے ہی نون لیگ مریم نواز کو پہلی خاتون وزیر اعلی کے طور پر نامزد کر چکی ہے اور نون لیگ نے 20 فروری کو جاتی امراء میں پارلیمانی پارٹی اجلاس بلا کر اپنی اکثریت بھی شو کر دی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہے اور عمران خان نے وزیر اعلی کے پی کے کیلئے علی امین گنڈا پور کو نامزد کر رکھا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کون ہوگا؟ اس فیصلے کی گھڑی بھی آگئی ہے، اس سلسلے میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے اجلاس طلب کرلیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج کراچی میں پارٹی رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعہ کی شام ہوگا جس میں نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی شرکت کریں گے۔رپورٹس کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ہفتہ 24 فروری کو بلایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے لیے مراد علی شاہ، فریال تالپور، ناصر حسین شاہ اور شرجیل میمن کے نام زیرِ گردش ہیں۔ تاہم اس عہدے کیلئے مراد علی شاہ موسٹ فیورٹ قرار دئیے جانے رہے ہیں۔

Back to top button