دادی کرائے پردستیاب،جاپان میں انوکھی سروس متعارف

جاپان میں ایک دلچسپ اور انوکھی سروس متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت اب 60 سے 94 سال کی عمر کی ’دادی اماں‘ کرائے پر دستیاب ہیں۔
یہ سروس "کلائنٹ پارٹنرز” نامی کمپنی کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد صارفین کو نہ صرف گھریلو کام کاج جیسے صفائی ستھرائی، کھانا پکانا، اور دیسی ہنر میں مدد ،بلکہ نصیحت، مشورے، اور جذباتی سہارا بھی فراہم کرنا ہے۔
یہ سروس ان افراد کے لیے بھی موزوں ہے جو کسی شادی، سماجی تقریب یا کھیل کے پروگرام میں بزرگ خاتون کی موجودگی چاہتے ہیں، تاکہ ماحول میں خاندانی پن اور جذباتی وابستگی کا احساس برقرار رہے۔
دادی اماں کی خدمات حاصل کرنے کا کرایہ تقریباً 3,300 ین فی گھنٹہ (یعنی لگ بھگ 6,300 پاکستانی روپے) ہے، جب کہ سفری اور دیگر اضافی اخراجات کی مد میں 3,000 ین علیحدہ سے ادا کرنا ہوتے ہیں۔
جاپان میں عمر رسیدہ آبادی کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، 65 سال یا اس سے زائد عمر کے ہر چار افراد میں سے ایک ملازمت کر رہا ہے۔ ایسی خدمات جہاں ایک طرف نوجوانوں کو بزرگوں کی رہنمائی میسر آتی ہے، وہیں عمر رسیدہ خواتین کے لیے بھی زندگی میں ایک نیا مقصد اور خودمختاری کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
