گل پلازہ آتشزدگی ، کولنگ پراسیس میں 3 سے 4 دن لگ سکتے ہیں: چیف فائر آفیسر

چیف فائر آفیسر کراچی ہمایوں خان نے کہا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والا آتشزدگی کا واقعہ انتہائی بڑا ہے اور کولنگ کے عمل میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے، گل پلازہ میں تقریباً دو ہزار سے زائد دکانیں موجود ہیں۔ ان کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع رات 10 بج کر 27 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد پورے کراچی سے 14 فائر ٹینڈرز، 3 اسنارکلز اور 2 واٹر باؤزر موقع پر روانہ کیے گئے۔

ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا تھا، تاہم اچانک پلازہ کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر ملبے تلے دب گیا۔ انہوں نے کہا کہ کولنگ کا عمل مکمل کرنے میں تین سے چار دن درکار ہو سکتے ہیں، جبکہ اطلاع ملتے ہی دو منٹ کے اندر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کر دی جاتی ہیں۔

چیف فائر آفیسر نے واضح کیا کہ یہ ایک بڑا حادثہ ہے، اسی لیے اس پر قابو پانے میں وقت لگ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاپنگ پلازہ تقریباً پونے دو ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور ایک فائر فائٹر لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے اندر موجود تھا، جو دورانِ آپریشن شہید ہو گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا۔ فائر بریگیڈ کا عملہ پوری رات آگ کی نگرانی کرتا رہا، جبکہ نصف سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اب بھی موقع پر موجود ہیں۔

چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ آگ کی آخری چنگاری تک مکمل طور پر کولنگ کی جائے، آگ پر قابو پانے کے بعد واقعے کا آڈٹ کیا جائے گا اور تمام حقائق سامنے آئیں گے۔

Back to top button