گل پلازہ آتشزدگی ، تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا : وزیر اعلیٰ سندھ

 

 

 

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گل پلازہ آتشزدگی کو 18ویں ترمیم سے جوڑنا سمجھ سے بالاتر ہے، متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیاجائے گا،صوبائی حکومت ہر تاجر کو پہلے مرحلے میں5،5 لاکھ روپے دے گی اور گل پلازہ کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

 

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ںے کہا کہ گل پلازہ سانحے نے پورے ملک کو غمگین کردیا ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کےلیے کچھ کرنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس واقعے میں ٹوٹل 88 لاپتہ افراد رپورٹ ہوئے ان میں سے کچھ کی رپیٹیشن ہوئی 82 کا عدد درست تھا،اس وقت تک 67 باڈیز برآمد ہوچکی ہیں اور اب بھی 15 لوگ لاپتا ہیں جب کہ 15 لوگوں کی ڈی این اے ہو چکا ہے اور 52 لوگوں کا ڈی این اے پراسس چل رہا ہے۔

 

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ گل پلازہ کا واقعہ دس بج کر چودہ منٹ پر گراؤنڈ فلور کی ایک دکان پر آگ لگنےسے پیش آیا،دس بج کر چھبیس منٹ پر فائر برگیڈ کو کال آئی، کمی یا کوتاہیوں پر مکمل انکوائری ہورہی ہے، اس سانحے کا مقدمہ درج ہوگا،ریسکیو 1122 کو دس بج کر چھتیس منٹ پر کال گئی،آگ کے 16 منٹ بعد حکومتی نمائندہ ڈی سی ساؤتھ واقعے کی جگہ پہنچ گیا۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہاکہ ایسے سانحے کو اپنے سیاسی مقصد کےلیے استعمال کرنا میرے لیے ایک بڑے جرم کے برابر ہے،حکومت پر تنقید کریں لیکن سیاست نہیں کریں،ہفتے والےدن واقعہ ہوا میں نے پیر کو اجلاس بلایا اور کمیٹی بنائی،جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کو سزا ملے گی حکومتی اداروں کی اگر غفلت ہےتو ان کو بھی سزا ملے گی۔

وزیر اعلیٰ ںے کہا کہ حکومت سندھ تاجروں کا نقصان پورا کرے گی، 1102 دکانیں ایس بی سی اے سے منظور شدہ تھیں،تمام دکانیں کے عوض معاوضہ دیں گے،ہر دکان کے مالک کو پہلے مرحلے میں پانچ لاکھ روپے دیے جائیں گےجو کہ کراچی چیمبر کے ذریعے دیےجائیں گے،ہمارے پاس ایک بلڈنگ میں پانچ سو اور دوسری بلڈنگ میں ساڑھے تین سو دکانیں موجود ہیں،ان مالکان کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ایک سال تک کرایہ نہ لینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہاکہ جن کے پاس دکانیں موجود تھیں ان کو پیسے دیے جائیں گے،دو سال تک ہم تاجروں کو کاروبار کےلیے دکان مہیا کریں گے،متاثرین کےلیے سکیورٹی سندھ حکومت دے گی،ایک کروڑ روپے تک کا قرضہ جو تاجر لینا چاہے وہ ملےگا اور سود حکومت سندھ بھرے گی،گل پلازہ کو گرانا پڑےگا، کوشش کریں گے دو سال میں گل پلازہ کو تیار کرکے دکانیں بنائیں اور تاجروں کے حوالے کریں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ دو ماہ میں عارضی دکانوں کا انتظام کردیں گے،گل پلازہ کو اپنی اصل شکل میں واپس لایا جائے گا۔

 

Back to top button