سانحہ گل پلازہ:لاپتا افراد کے اہل خانہ کاانتظامیہ کیخلاف احتجاج

سانحہ گل پلازہ میں لاپتا افراد کے اہل خانہ کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، اہل خانہ اپنے پیاروں کی تلاش میں چھٹے روز  بھی جائے وقوع پر دکھائی دیئے اور احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

تباہی کا منظر پیش کرنے والے گل پلازہ کے قریب لاپتا افراد کے گھر کی خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ اور ریسکیو کے عمل کو شدید تنقید کر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم گل پلازہ میں خوفناک آگ لگنے کے بعد سے آج چھٹے روز بھی اپنے پیاروں کی تلاش میں مارے مارے گھوم رہے ہیں کوئی تسلی بخش جواب دینے کو تیار نہیں۔

متاثرین کاکہناہے کہ  گل پلازہ کے گرنے والے حصوں کے ملبے کا کام بھی سست رفتاری کا شکار ہے جس کی وجہ سے انتہائی اعصاب شکن صورتحال سے دوچار ہیں، احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے رویے سے تنگ آکر احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔

اس موقع پر ایم اے جناح روڈ پر خواتین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور متاثرہ عمارت میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انھیں دور ہٹا دیا۔

گھروں کی خواتین ان تصاویر اٹھائے گل پلازہ کے سامنے پہنچیں جب کہ احتجاجی خواتین کی جانب سے گل پلازہ کی مینجمنٹ کمیٹی کے عہدیداران کو بھی آڑے ہاتھوں لیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ 6 روز ہوگئے ہمارے بچے اس ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

Back to top button