سانحہ گل پلازہ: وفاقی حکومت ہر لحاظ سے تاجر برادری کی مدد یقینی بنائے گی: وزیر تجارت

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
جام کمال نے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ گل پلازہ کا دورہ کیا اور وہاں موجود صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کا واقعہ ایک بڑا سانحہ ہے جس میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گورننس میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے گا اور اس حوالے سے سندھ حکومت اور میئر کراچی کو تمام امور کا نوٹس ہے، جن پر کام جاری ہے اور وفاقی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
جام کمال نے مزید کہا کہ تاجر برادری سے متعلق معاملات ان کی ذمہ داری میں آتے ہیں اور اس حوالے سے بھی وفاقی حکومت ہر سطح پر معاونت کرے گی۔
