سانحہ گل پلازہ: سعودی عرب، امریکا اور چین کا اظہارِ افسوس

سانحہ گل پلازہ پر سعودی عرب، امریکا اور چین کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
امریکی قونصل خانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے، جب کہ ریسکیو اور فائر فائٹر اہلکاروں کی بہادری کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔
چینی قونصل جنرل نے بھی گل پلازہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے، جب کہ زخمیوں کے لیے ہمدردی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سانحے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں سے 17 لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں۔ شناخت کے عمل کے لیے 50 خاندانوں کے ڈی این اے نمونے موصول ہوچکے ہیں۔
فائر آفیسر کے مطابق تہہ خانے کے اوپن ایریا کی تلاشی مکمل کرلی گئی ہے، جہاں سے کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی، تاہم تہہ خانے کے دبے ہوئے حصے کی تلاش جاری ہے۔ اس کے علاوہ عمارت کی دوسری اور تیسری منزل کو بھی کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سانحہ گل پلازہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔
