سانحہ گل پلازہ: سندھ کابینہ کی شہداء کے اہلخانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس امداد کی منظوری

سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس مالی امداد دینے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سانحہ گل پلازہ سے متاثرہ دکانداروں کو 5،5 لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کی مد میں کمشنر کے ذریعے ادا کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں سندھ کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کو ایک ایک کروڑ روپے بلاسود قرض فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ یہ قرض دکانداروں کو دوبارہ کاروبار شروع کرنے کے لیے دیا جا رہا ہے، جبکہ ایک کروڑ روپے پر واجب الادا سود حکومت سندھ خود ادا کرے گی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام متاثرہ دکانداروں کو دو ماہ کے اندر کاروبار کی بحالی کے لیے دکان کی سہولت فراہم کی جائے گی، اور دکانداروں کے تحفظ اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
