سانحہ گل پلازہ : سندھ حکومت کاجاں بحق افراد کے لواحقین کو 1 کروڑ روپے دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ سے متاثر ہونے والے تمام افراد کی مکمل بحالی کی جائے گی ، اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے دیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد کی فراہمی کل سے شروع کر دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، جانی نقصان کا مطلب یہ ہے کہ کئی خاندان شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ متعدد افراد چلتے ہوئے کاروبار سے محروم ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت تمام متاثرین کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مسلسل رابطے میں ہیں اور پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پلازہ کے تمام متاثرین کو بحال کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بحالی کے طریقۂ کار پر فیصلہ کرنا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق گل پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں موجود تھیں، جس کا مطلب ہے کہ 1200 افراد اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کا واقعہ انتہائی بڑا ہے، فائر فائٹرز اور ریسکیو ٹیمیں تین مختلف مقامات سے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ 73 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
مراد علی شاہ نے حکام کو ہدایت کی کہ ملبہ ہٹانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے فرانزک رپورٹ تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کو فوری معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازہ کے متاثرین کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
