سانحہ گل پلازہ: تکنیکی ٹیم کا آخری دورہ مکمل، عمارت کو سیل کرنے کا عمل شروع

ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
ٹیکنیکل ٹیم نے گل پلازہ کی عمارت کا آخری دورہ مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد عمارت کو سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ عمارت کے اطراف لوہے کی شٹرنگ لگانے کا کام جاری ہے۔
ڈی سی کے مطابق 79 لاپتا افراد میں سے 13 کے ورثا نے تاحال ڈی این اے سیمپلز فراہم نہیں کیے، جبکہ 30 لاشوں کا ڈیٹا حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ ورثا کو ادائیگی کی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک 73 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، جن میں سے 23 کی شناخت مکمل کر کے میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ مقررہ وقت میں رابطہ نہ کرنے والوں کو فہرست سے خارج کر دیا جائے گا۔
ادھر ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ واقعے میں غفلت اور لاپرواہی کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جائے گا، اور تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آگ لگنے کے بعد بھی دروازے کیوں نہیں کھولے گئے۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے 73 افراد میں سے 23 کی شناخت ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ ہفتے 17 جنوری کی شب گل پلازہ میں آگ لگی تھی، جس نے پوری عمارت کو تباہ کر دیا۔
