وزیراعظم سے حافظ نعیم کارابطہ،بجلی  کی قیمتوں میں کمی پراظہارتشکر

وزیراعظم شہباز شریف سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم سے اظہارتشکرکیا۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھاکہ مشکلات کے باوجود عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی، یہ مشن جاری رکھیں گے اور پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف اورامیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نےزہ میں اسرائیلی بربریت پربین الاقوامی قوتوں کی خاموشی پر تشویش کا اظہار  کیا۔

 شہبازشریف نےفلسطینیوں پرصہیونی ظلم وجبر کےخلاف ہربین الاقوامی فورم پرآواز اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی حمایت سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔

جماعت اسلامی کے امیرحافظ نعیم کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطے میں غزہ کی صورتحال پر بات ہوئی، پاکستان کو فلسطینی مظلوم عوام کے حق میں فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن ابھی عوام کو مزید ریلیف دینے کی بڑی گنجائش موجود ہے، لہٰذا مزید آئی پی پیز سے بات چیت کرکے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے گھریلو اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7.15 روپےکمی کی گئی ہے۔ بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت45.05 روپے سےکم کرکے 37.64 روپےکردی گئی۔

Back to top button