ارشد حسین خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ ہوں گے ،گورنر نے منظوری دیدی

جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ ہوں گے ،گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے بھی توثیق کردی ۔
تفصیلات کےمطابق نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے حل اور نئے وزیراعلیٰ کی تقرری پر مشاورت کے لیے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈراکرم درانی کی نئے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے مشاورت ہوئی۔ جس میں نئے نگران وزیراعلیٰ کیلئےجسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہوا۔
سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈراکرم درانی نے نئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کی سمری گورنر کوارسال کی جس کی گورنرنےمنظوری دیدی۔
جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ہزارہ ڈویژن سے ہے، پشاورہائیکورٹ میں جج،جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین گلگت بلتستان کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔
گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ چار سدہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی تھی۔
اعظم خان کے انتقال کے بعد ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو خط لکھ کر قانونی رائے پیش کی تھی۔