حمزہ شہباز کا حلف میں تاخیر پر دوبارہ ہائیکورٹ سے رجوع

پنجاب کے نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کے معاملے پر دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، حمزہ شہباز کے وکیل نے عدالت میں درخواست جمع کرا دی، جس میں احکامات پر عملدرآمد کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 22 اپریل کو عدالت نے شہریوں کو درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ جاری کیا اور صدر کو ہدایت کی وہ منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کیلئے فوری اقدامات کریں۔
حمزہ شہباز نے اپنے موقف میں مزید کہا کہ صدر پاکستان کا ایک سیاسی جماعت سے تعلق ہے لیکن صدر بطور سربراہ کسی سیاسی دباؤ کے بغیر اپنے فرائض پر عمل کرنے کے پابند ہیں، صدر پاکستان معذز عدالت کے حکم پر عمل نہ کر کے قانون کی بے توقیری کر رہے ہیں۔
حلف برداری تقریب پر دائر حمزہ شہباز کی درخواست نامکمل قرار
عدالت استدعا کی گئی کہ چیئرمین سینیٹ کو حکم دے کہ نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں، لاہور ہائیکورٹ نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب کے حلف کیلئے صدر مملکت کو نمائندہ مقررکرنے کی ہدایت کی تھی ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست نمٹاتے ہوئے کہا تھا کہ صدر پاکستان کو عدالتی فیصلے کی کاپی بھجوائی جائے، صدر پاکسان کسی اور کو حلف لینے کے لئے نامزد کریں۔
