اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی ادھوری پڑھائی کی وجہ بتا دی

ڈرامہ انڈسٹری میں ایک کے بعد ایک سپر ہٹ پرفارمنس سے نام بنانے والی اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی ادھوری تعلیم کے متعلق مداحوں کو بتایا کہ معاشی حالات کی وجہ سے ان کو کم عمری میں ہی اپنی پڑھائی چھوڑنا پڑ گئی تھی۔
2016 میں فلم جاناں سے پاکستان شوبز میں قدم رکھنے والی اداکارہ ہانیہ عامر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور ان کے حالیہ ڈرامے ’مجھے پیار ہوا تھا‘ کے بھی خوب چرچے ہو رہے ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ گھریلو معاشی مسائل کی وجہ سے اپنی پڑھائی مکمل نہیں کر سکیں اور انہوں نے کالج کی تعلیم بھی مکمل نہیں کی۔
ہانیہ عامر نے بتایا کہ وہ اپنے گھر کی واحد کفیل ہیں اور انہیں اپنی کالج کی پڑھائی درمیان میں ہی چھوڑنی پڑی کیونکہ انہیں خوش قسمتی سے شوبز میں کام مل گیا تھا اور انہیں پیسے ملنے لگے تھے جس کی اُس وقت انہیں بے حد ضرورت بھی تھی۔
یاد رہے کہ ماضی کے انٹرویو میں ہانیہ عامر نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی ٹاِک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھ کر انہیں ایک فلم پروڈیوسر نے رابطہ کیا تھا اور اس طرح انہیں اداکاری کا موقع ملا جو ان کیلئے ناقابلِ یقین تھا۔
اداکارہ ہانیہ عامر نے اعتراف کیا ہے کہ کم عمری میں شوبز انڈسٹری میں آنے کی وجہ سے انہوں نے ناسمجھی میں بہتی غلطیاں کیں اور غلطیوں سے ہی سبق سیکھ کر اب وہ پہلے سے زیادہ سمجھدار ہو چکی ہیں، ہانیہ عامر نے 2016 میں 20 سال سے بھی کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور گوری رنگت کی وجہ سے انہیں جلد شہرت مل گئی تھی۔
گزشتہ 6 سال میں وہ نصف درجن سے زائد فلموں اور ایک درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، تاہم وہ گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ رومانوی تعلقات اور گلوکار عاشر وجاہت کے ہمراہ مزاحیہ ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ محض 12 سال کی تھیں تو ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی اور انہوں نے اپنی تعلیم مختلف شہروں میں مکمل کی، وہ یونیورسٹی میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھیں مگر انہوں نے اسی دوران فلم ’جانان‘ کے لیے آڈیشن دیا اور فلم کے لیے منتخب ہوگئیں۔
