ہانیہ عامر نےمشی خان کے الزامات پر ردِعمل میں ایلومیناٹی پر خاموشی توڑ دی

پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے سماجی کارکن اور میزبان مشی خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر ردِعمل دیتے ہوئے پہلی بار ’ایلومیناٹی‘ سے متعلق گردش کرنے والی باتوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

ہانیہ عامر کا شمار پاکستان کی سب سے زیادہ مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جنہیں انسٹاگرام پر لگ بھگ دو کروڑ افراد فالو کرتے ہیں۔ وہ ان دنوں اپنی مقبول ڈرامہ سیریز میری زندگی ہے تُو میں شاندار اداکاری پر خوب داد سمیٹ رہی ہیں، جبکہ کبھی میں کبھی تم، سنگِ ماہ، دلربا، میرے ہمسفر اور عشقیہ جیسے ڈرامے بھی ان کے کریئر کا حصہ رہ چکے ہیں۔

اداکارہ اکثر اپنی وائرل ویڈیوز اور مبینہ کاسمیٹک سرجریز کے باعث تنقید کی زد میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں مشی خان نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کیں جن میں ہانیہ عامر ایک مخصوص ہاتھ کے اشارے کے ساتھ نظر آ رہی تھیں، جس پر انہوں نے سوالات اٹھائے۔

ان الزامات کے جواب میں ہانیہ عامر نے کہا کہ کبھی ان کے نام سے شادی کے کارڈز شائع کر دیے جاتے ہیں، کبھی ان کے لباس پر تنقید کی جاتی ہے، یہاں تک کہ ان کے خاندان اور ظاہری خدوخال کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے، اور اب انہیں ایلومیناٹی سے جوڑا جا رہا ہے۔

ہانیہ عامر نے واضح کیا کہ وہ کسی خفیہ تنظیم کا حصہ نہیں بلکہ ایک محنتی اداکارہ ہیں جو اپنا کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل تنقید اور الزامات کا بوجھ مزید برداشت نہیں کر سکتیں۔

Back to top button