ہانیہ عامرکی سردارجی تھری نے15روز میں 50کروڑ کمالئے

اداکارہ ہانیہ عامر کی پہلی بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3 نے ریلیز کے صرف 15 روز میں بیرونِ ملک 50 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے زبردست کامیابی حاصل کر لی ہے۔
دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی مشترکہ فلم بھارت میں ریلیز نہ ہو سکی، تاہم اس کے باوجود سردار جی 3 نے اوورسیز مارکیٹ میں دھوم مچا دی ہے۔ فلم نے جمعے کے دن 1.75 لاکھ امریکی ڈالر کا بزنس کیا، جس کے بعد مجموعی عالمی آمدن 60 لاکھ ڈالر (تقریباً 51 کروڑ روپے) تک جا پہنچی۔
یہ فلم پنجابی سنیما کی تاریخ میں بیرونِ ملک 50 کروڑ سے زائد کمائی کرنے والی دوسری فلم بن چکی ہے۔ اس سے قبل دلجیت دوسانجھ کی ہی فلم جٹ اینڈ جولیئٹ 3 یہ سنگ میل عبور کر چکی ہے۔
سردار جی 3 نے نہ صرف عالمی سطح پر شائقین کو متاثر کیا بلکہ کیری آن جٹّا 3 (46 کروڑ اوورسیز) کو بھی پیچھے چھوڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
یہ غیر معمولی کامیابی ہانیہ عامر کے فلمی کیریئر کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے، جس نے بین الاقوامی سطح پر ان کی پہچان مزید مستحکم کر دی ہے۔
