وزیر صحت کی کراچی میں کوروناپھیلنے کی تردید
وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط ہے۔
صوبائی وزیر صحت سندھ نے کہا کہ 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوئے، جن میں 7 میں کورونا مثبت آیا ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ موسمی فلو اور انفلوئنزا میں مبتلا لوگوں کا احتیاطاً کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا، کورونا پوزیٹیو لوگوں میں فلو کی بہت ہلکی علامات تھیں۔کورونا اور انفلوئنزا کیسز پر اسپتالوں میں ہنگامی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔
صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ کورونا میں مبتلا افراد کو ہلکی علامات کے سبب گھر بھیج دیا گیا تھا، دنیا بھر میں اب کورونا کو فلو کی طرح ہی ٹریٹ کیا جاتا ہے۔
عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ کورونا اب موسمی فلو کی طرح ہے اس سے گھبرانے کی قطعاً ضرورت نہیں۔