رمضان میں صحت مند رہنے کے گُر

روزے کے ہماری صحت پر بے شمار فوائد مرتب ہوتے ہیں جن میں ہیومن گروتھ ہارمونز (HGH) میں اضافہ اور جین کی تبدیلی ہے جس سے برین سیلز، نظام انہضام اور قوت ِ مدافعت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
روزہ عمر کو طویل اور خوشگوار بنانے کے ساتھ بیماریوں سے دور رکھتا ہے۔ موٹاپے سے نجات ہو یا بے خوابی و غنودگی سے چھٹکارا، روزہ ہر لحاظ سے جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے، روزے کی حالت میں ہر بری لت سے بچ کر اور درج ذیل صحت بخش غذا کا انتخاب کرکے ہم خود کو صحت مند رکھ سکتے ہیں۔
اگر آپ موٹاپے سے نجات چاہتے ہیں تو وٹامنز سے بھرپور خوراک لیں۔ روزے کی حالت میں آپ کو فولاد، کیلشیم اور وٹامن B-12جیسے اجزا سےبھرپور خوراک لینی چاہئے تاہم یاد رہے کہ سحری و افطار میں ہلکا پھلکا کھانا تناول فرمالیں، ایسا کرنے سے پورے دن جسم کو موقع مل جائے گا کہ وہ اپنی صفائی کرتا رہے۔
افطار میں اگر تلی ہوئی اور زیادہ شکر والی غذاؤں کا استعمال کریں گے تو سارا دن بوجھل گزرے گا اور آپ غنودگی کا شکار رہیں گے، اس لئے ان سے اجتناب برتا جائے۔
سحری میں پروٹین سے بھرپور خوراک اور پانی کی صرف اتنی مقدار استعمال کریں کہ دن بھر پیاس کا سامنا نہ کرنا پڑے، دستر خوان پر لیموں پانی، دہی اور کھجور کا اہتمام لازمی کریں۔
سحری میں مرغن غذائیں کھانے کی بجائے ہری سبزیاں استعمال کریں، جیسے کہ پھول گوبھی اور تُرئی وغیرہ، انھیں ہلکی آنچ پربھاپ سے بنائیں تاکہ وٹامنز برقرار رہیں اور آپ کو دن بھر جسم میں پانی کی کمی کی شکایات نہ ہو۔
بزرگوں کے اس مقولے پر عمل کریں کہ ایک نوالے کی بھوک جسم میں موجود ہو، اس سے معدے پر بوجھ نہیں پڑتا اور آپ دن بھر مصروفیات کے دوران شام افطار تک ترو تازہ رہتے ہیں۔
